اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)محکمہ موسمیات نے آج سے پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمالی و شمال مشرقی پنجاب اور ڈیرہ غازی خان کے نشیبی علاقے بھی زیرِ آب آسکتے ہیں۔ گلگت بلتستان اور دیگر پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ سمیت بڑے شہروں میں نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ بجلی کے کھمبے، کچے مکانات اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 27 اگست تک دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت دیگر ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ دریائے توی سے آنے والا سیلابی ریلا چناب میں شامل ہو کر گجرات، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اور جھنگ کے نشیبی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کے لیے بنیادی سہولیات اور ادویات دستیاب ہوں گی۔