اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 30 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں جس سے نشیبی علاقوں میں سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آج مغربی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
تربیلا ڈیم پانی سے بھر کر 1550 فٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کے باعث سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا بہاؤ ڈھائی لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہے اور درمیانے درجے کی سیلابی کیفیت برقرار ہے، جبکہ دریائے ستلج میں پانی کے تیز اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے جس کے باعث کئی زمیندارہ بند ٹوٹ گئے اور کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں، کسانوں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ پار کرنے کی کوشش میں باپ بیٹا ڈوب گئے جن کی لاشیں مقامی افراد نے نکال لیں۔