اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عالمی طاقتوں کی صف بندی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے
جہاں روس اور چین نے اپنے دفاعی اتحاد کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایران اور وینزویلا کے معاملے پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس پیشرفت کو عالمی سکیورٹی منظرنامے میں ایک اہم اور دور رس اثرات کی حامل تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف اور چین کے وزیر دفاع ڈونگ جون کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے اعلیٰ سطحی رابطہ ہوا، جس میں عالمی سکیورٹی کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف نے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ عالمی ماحول غیر یقینی اور تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر روس اور چین کیلئے ضروری ہے کہ وہ عالمی سکیورٹی صورتحال کا مسلسل تجزیہ کرتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اور بروقت جوابی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔بیلوسوف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقل فوجی تعاون، مشترکہ مشقیں اور دفاعی تجربات کا تبادلہ نہ صرف تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر ردعمل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی خطرات کا مقابلہ صرف ہم آہنگی اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب چینی وزیر دفاع ڈونگ جون نے روسی ہم منصب کے مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ چین اور روس کے سٹریٹجک تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دفاعی شعبے میں تعاون بڑھاتے ہوئے ایسے میکنزم تیار کرنے چاہئیں جو ہنگامی حالات میں فوری اور مشترکہ ردعمل کو یقینی بنائیں۔
ماہرین کے مطابق ایران اور وینزویلا پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کا فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ روس اور چین مغربی دباؤ اور پابندیوں کے مقابلے میں اپنے اتحادیوں کو مضبوط سفارتی اور دفاعی سہارا فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس پیشرفت کے اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ لاطینی امریکا اور عالمی سیاست پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور روس و چین کا یہ اتحاد مستقبل میں عالمی طاقت کے توازن کو نئی سمت دے سکتا ہے۔