اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)مشہور ٹک ٹاکر علینہ عامر نے اپنی مبینہ لیک ہونے والی نازیبا ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ڈیپ فیک ویڈیو قرار دیا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اس حوالے سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
علینہ عامر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس پر انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ٹک ٹاکر نے ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو میں کہا کہ وہ اس معاملے پر پہلے بالکل بات نہیں کرنا چاہ رہی تھیں اور گزشتہ ایک ہفتے سے خاموشی سے حالات دیکھ رہی تھیں۔ تاہم جب متعدد پوسٹس میں ان کی ویڈیو لیک ہونے کی خبریں آئیں تو انہوں نے محسوس کیا کہ ایسے عناصر کو جواب دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کسی کو بدنام کرنے کے لیے کسی حد تک جا سکتے ہیں، اور سوشل میڈیا پر کوئی بھی مواد شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنی چاہیے کہ آیا یہ حقیقی ویڈیو ہے یا نہیں۔ علینہ عامر نے کہا کہ پنجاب میں موجود سی سی ڈی اس وقت بہترین کام کر رہی ہے اور انہوں نے سہیل ظفر چھٹہ سے درخواست کی کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور ڈیپ فیک ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ٹک ٹاکر نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیپ فیک ویڈیوز نہ صرف مشہور شخصیات بلکہ عام لڑکیوں کی بھی بنائی جا رہی ہیں، اور انہیں گھر والوں تک پہنچا کر ان کی زندگی برباد کی جا رہی ہے۔ علینہ عامر نے کہا کہ الحمداللہ ان کی فیملی ان پر مکمل بھروسہ کرتی ہے اور وہ کبھی بھی ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گی جو ان کا اعتماد توڑے۔
آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ جو بھی شخص اس فیک ویڈیو بنانے والے کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا، اسے کیش پرائز دیا جائے گا۔ علینہ عامر نے زور دیا کہ آج کے دور میں کسی بھی لڑکی کو خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ اپنے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔