اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے درمیان 1.10 بلین ڈالر کے نویں قرضہ پروگرام کے لیے تمام معاملات طے پا گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف کے ریویو مشن نے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی جس میں امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار جلد ہی آئی ایم ایف کے ساتھ 9ویں اقتصادی جائزے کی کامیاب تکمیل کا اعلان ویڈیو پیغام میں کریں گے جب کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے کا بھی باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے جلد بورڈ اجلاس بلانے کی درخواست کرے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ریویو مشن کے ساتھ نویں اقتصادی جائزہ کی تکمیل کے بعد آئی ایم ایف بورڈ منظوری دے گا، جس کے بعد پاکستان کو 1.10 ارب ڈالر قرض کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان پر وضاحت کرتے ہوئے تجویز دی کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات نہ کی گئیں تو ملک ڈوب جائے گا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کرنا پڑے گی، صرف آئیسکو، فیسکو اور لیسکو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں
واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کے جائزہ مشن ٹیم کے سربراہ سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں فریقین نے محصولات بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے فنانس ترمیمی بل کی اصولی منظوری بھی دے دی۔