اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے معاملے پر اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفود نے شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے 90 روز میں آئین کے مطابق انتخابات کو یقینی بنانے پر اصرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حلقہ بندیوں کی کوئی ضرورت نہیں۔
مختلف گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کو یقینی بنایا جائے۔ سیاسی جلسوں کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کو بھی دیگر جماعتوں کی طرح سیاست میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
بیان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے الیکشن کمیشن کے روبرو موقف اختیار کیا کہ انتخابات کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے، اب مردم شماری کے نتائج شائع ہوچکے ہیں، الیکشن کمیشن پہلے اس عمل کو مکمل کرے۔ تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو انتخابات میں سہولت فراہم کی جائے گی۔
جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے مطابق انتخابی فہرستوں میں ووٹرز کے درست اندراج کی ضرورت ہے، مزید پولنگ اسٹیشن کی فہرستیں بھی درست کی جائیں، غیر جانبدار اور ایماندار ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا تقرر کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کو یقین دلایا گیا کہ الیکشن کمیشن جلد از جلد انتخابات کا انعقاد چاہتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام جماعتوں کو انتخابات میں یکساں مواقع حاصل ہوں، انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔