اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف سمیت تمام فوجی محب وطن ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے متنازعہ بیان کے ایک روز بعد صدر نے کہا کہ پاک فوج ملک کے سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہے اور کوئی بھی فوج یا کسی اور کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔
تاہم ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وہ واٹس ایپ کے ذریعے عمران خان سے رابطے میں ہیں۔ اپنے بیان کی وضاحت سابق وزیراعظم ہی کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے فوج مخالف بیانات کی شدید مذمت کی تھی۔
کثیر الجماعتی اتحاد نے مشترکہ بیان میں کہا کہ تمام ریاستی اداروں کی قیادت کا احترام یقینی بنایا جائے گا اور ملک کو کمزور کرنے کی سازش کرنے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے مسلح افواج کے حساس پیشہ ورانہ معاملات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ پوری قوم سیلاب سے نبردآزما ہے لیکن انا پرست عمران خان مسلح افواج اور عوام کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔