اردوورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، سیاسی جماعتوں کی جانب سے تمام ترامیم پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے نئے کاغذات نامزدگی کی منظوری دے دی، کمیٹی نے عام انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق کی بھی منظوری دی، ضابطہ اخلاق الیکشن کمیشن کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔
انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی کے لیے سینیٹ اور اسمبلی کے اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیے جائیں گے، کمیٹی میں شامل تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات ترامیم پر متفق ہیں، وزارت قانون دو روز میں انتخابی اصلاحات کے مسودے کو حتمی شکل دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 ترمیمی بل کی منظوری آئندہ ہفتے دونوں ایوانوں سے لی جائے گی۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی جانب سے کچھ تحریری تجاویز آئیں گی، پرسوں تک مسودہ ارکان کو بھجوا دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم پر الیکشن کمیشن آن بورڈ ہے، اچھی قانون سازی کے ثمرات اچھے رویوں سے ہی مل سکتے ہیں، ترامیم سیاسی جماعتوں کی وابستگی سے ہٹ کر کی گئی ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔