اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا کے شہر کیلگری میں پانی کے استعمال پر عائد تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، کیونکہ بیئر اسپاؤ فیڈر مین لائن دوبارہ مکمل طور پر فعال ہو گئی ہے۔ سٹی حکام کے مطابق بیئر اسپاؤ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا آخری پمپ بھی جمعے کی دوپہر چل پڑا، جس کے بعد نظام کو مستحکم قرار دیا گیا اور فوری طور پر تمام آبی پابندیاں اٹھا لی گئیں۔
کیلغری ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کی چیف سو ہنری نے میڈیا کو بتایا کہ پائپ لائن کی مسلسل نگرانی کے بعد یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ سسٹم اس وقت محفوظ حالت میں ہے۔ ان کے مطابق جیسے ہی استحکام یقینی ہوا، پانی کے استعمال پر عائد تمام رضاکارانہ اور ہنگامی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ میونسپل ایمرجنسی پلان دن کے اختتام تک ختم ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ یہ پابندیاں نئے سال سے کچھ ہی دن قبل اس وقت نافذ کی گئی تھیں جب شہر کی ایک اہم پانی کی مین لائن اچانک پھٹ گئی تھی، جس کے باعث ہنگامی مرمت اور شہریوں سے پانی کے محدود استعمال کی اپیل کی گئی۔ اس خرابی نے کئی رہائشی علاقوں اور کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا۔
اگرچہ موجودہ صورتحال میں شہریوں کو وقتی ریلیف ملا ہے، تاہم سٹی حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ سکون عارضی بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ بیئر اسپاؤ فیڈر مین لائن گزشتہ دو برسوں میں دو مرتبہ بڑے نقصانات کا شکار ہو چکی ہے۔ میئر جیرومی فرکاس نے اس لائن کو “انتہائی خستہ حال” قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرمت نے صرف وقت خریدا ہے۔ ان کے بقول یہ پائپ لائن ایک “ٹک ٹک کرتا ہوا بم” ہے، اور سوال یہ نہیں کہ یہ دوبارہ ناکام ہو گی یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کب ہو گی۔
باؤنَس، مونٹگمری اور پارک ڈیل جیسے علاقوں کے رہائشی، جو اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، مستقل حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پارک ڈیل کی رہائشی پاؤلا یریکس کا کہنا ہے کہ بار بار کی خرابیوں نے ان کا اعتماد متزلزل کر دیا ہے۔ ان کے مطابق شہر کی تیز رفتار آبادی میں اضافہ پرانے انفراسٹرکچر پر اضافی دباؤ ڈال رہا ہے۔
Your help in reducing your water use has allowed crews to complete the necessary repair on the Bearspaw feeder main.
— City of Calgary (@cityofcalgary) January 16, 2026
دوسری جانب کچھ شہری پرامید بھی ہیں۔ پارک ڈیل کی ہی رہائشی انگرڈ برنر کا کہنا ہے کہ شہر کے ردِعمل سے انہیں امید ہے کہ اس مسئلے کا دیرپا حل نکالا جائے گا۔
مقامی کاروباری افراد نے بھی شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔ مونٹگمری کے ایک ریسٹورنٹ مالک سہود عباسی نے کہا کہ شہر کو متاثرہ کاروباروں سے معافی مانگنی چاہیے اور واضح رپورٹ فراہم کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسا دوبارہ نہ ہو۔
سٹی انتظامیہ کے مطابق اس بہار میں فیڈر مین لائن کو دوبارہ مرمت کے لیے بند کیا جائے گا، جس کے باعث مزید پابندیاں لگ سکتی ہیں۔ تاہم انفراسٹرکچر کے جنرل منیجر مائیکل تھامسن نے تصدیق کی ہے کہ نئی پائپ لائن کی مکمل تبدیلی کا کنٹریکٹ دے دیا گیا ہے اور کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا۔