اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان نے سیلاب اور منفی عالمی معاشی حالات جیسے بیرونی چیلنجوں سے متاثرہ ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنے کے لیے امریکہ سے مدد مانگی ہے۔
دورہ کرنے والے امریکی وفد کی قیادت امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ کپروتھ نے کی۔
باخبر ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے وفد کو بتایا کہ پاکستان اپنے تمام بین الاقوامی وعدوں کا احترام کرے گا اور اقتصادی اصلاحات کے تحت قدرتی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر اقدامات سمیت انتہائی سخت فیصلے لینے کے لیے تیار ہے۔
تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کو اس صورتحال میں مدد کی ضرورت ہے کیونکہ تباہ کن سیلاب کے بعد صنعت اور زراعت کے شعبے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے وضاحت کی کہ ملکی مسائل کے علاوہ غیر ملکی کرنسیوں بالخصوص امریکی ڈالر کی افغانستان اور ایران کو سمگلنگ کی وجہ سے بھی روپیہ دباؤ کا شکار ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو کمزور معاشی صورتحال ورثے میں ملی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘مشکل معاشی حالات کے باوجود، حکومت اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے چیزوں کو درست سمت میں ترتیب دینے اور توانائی کے شعبے اور کیپٹل مارکیٹ سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے پر توجہ دے رہی ہے
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، رابرٹ کپروتھ نے دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کی ضرورت پر زور دیا اور اقتصادی و مالیاتی استحکام کے لیے حکومتی پالیسیوں اور منصوبوں پر اعتماد کا اظہار کیا جب کہ اقتصادی مسائل پر اپنی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔