اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل حماس جنگ بندی کےلیے کوششیں تیز کر دی گئیں ، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ قطری دوست حماس کو مذاکرات میں واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔حماس کی جانب سے جمعرات کو ہونے والے جنگ بندی مذاکرات میں شرکت سے انکار کے بعد، امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔
حماس نے مزید مذاکرات کے بجائے گزشتہ مذاکرات میں طے شدہ شرائط پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ جنگ بندی مذاکرات کا ایک اور دور جمعرات کو قطر میں ہونے کا امکان ہے۔ایک طرف اسرائیل نے غزہ جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات کے لیے اپنا وفد بھیجنے کا کہا ہے تو دوسری جانب غزہ میں حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 32 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔