اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو روس سے تیل خریدنے پر سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے روسی تیل کی درآمد بند نہ کی تو اُس پر بھاری تجارتی ٹیرف برقرار رہیں گے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ "اگر بھارت روس سے تیل خریدنا بند نہیں کرتا تو بھاری ٹیرف جاری رہیں گے،” جبکہ اُنہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے ماضی میں انہیں یقین دلایا تھا کہ بھارت روسی تیل نہیں خریدے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "اب فیصلہ بھارت کو کرنا ہے — روسی تیل یا امریکی منڈی۔ اگر بھارت نے روس کے ساتھ لین دین جاری رکھا تو اس پر معاشی دباؤ میں اضافہ ہوگا۔”انہوں نے مزید کہا کہ "چین کے لیے ٹیرف کم ہو سکتے ہیں، لیکن اسے ہمارے لیے کچھ کرنا ہوگا۔ ہم نہیں چاہتے کہ چین ’ریئر ارتھ‘ (rare earths) کے مسئلے پر امریکا کے ساتھ کھیل کھیلے۔”صدر ٹرمپ نے کولمبیا پر مزید ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان پیر کو کیا جائے گا۔یہ یاد رہے کہ چند روز قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیرِاعظم مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت روسی تیل نہیں خریدے گا۔ تاہم ٹرمپ نے کہا کہ "مجھے بھارت کے روسی تیل کے سودے پر خوشی نہیں، مگر امید ہے یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔”