اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز ) امریکہ میں خوفناک حادثہ ، ڈرائیور نے اپنی کار ہجوم پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
نیو اورلینز کے میئر نے واقعے کو ’دہشت گردانہ حملہ‘ قرار دیا اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کی سپرنٹنڈنٹ اینا کرک پیٹرک نے کہا کہ دو پولیس افسران کو بھی نشانہ بنایا گیا۔کرک پیٹرک نے کہا کہ جائے وقوعہ سے دھماکہ خیز مواد بھی ملا ہے۔پولیس نے پہلے کہا تھا کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کر رہے ہیں جہاں بڑی تعداد میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور حکام نے شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے اس صورتحال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ بوربن اسٹریٹ پر ایک ہولناک واقعہ پیش آیا۔ ان کی دعائیں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ کے قریب تمام شہریوں کو وہاں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نیو اورلینز کے نئے سال کی تقریبات مکمل کرنے کے بعد پیش آیا اور شہر میں کالج فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میچ آل سٹیٹ باؤل شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل پیش آیا جہاں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع تھی۔