گرین لینڈ پر امریکی نظریں،ٹیرف کی دھمکیاں مسترد،یورپ کا دوٹوک انکار

اردو ورلڈ کینیڈا ( وبیب نیوز ) یورپی ممالک نے گرین لینڈ پر امریکا کے مبینہ قبضے کے منصوبے اور اس کی مخالفت کرنے والے ممالک کے خلاف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔یورپی رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ دباؤ، بلیک میلنگ اور معاشی دھمکیوں کے ذریعے کسی خودمختار خطے کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اتحادی ممالک کے خلاف امریکی ٹیرف کے استعمال کو غلط اور خطرناک روایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو اتحادیوں کے درمیان ایسے اقدامات اتحاد کو کمزور کرتے ہیں۔ برطانیہ کی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ گرین لینڈ کا مستقبل صرف گرین لینڈ کے عوام اور ڈنمارک کی حکومت طے کرے گی، اس میں کسی بیرونی طاقت کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔
ڈنمارک کے وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپ دباؤ میں آنے والا نہیں اور یورپی ممالک اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے بھی واضح کیا کہ صدر ٹرمپ دھمکیوں کے ذریعے گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گرین لینڈ کے معاملے پر امریکی فوجی کارروائی کی گئی تو یہ نیٹو اتحاد کے مستقبل کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔
فرانس، جرمنی اور ناروے نے بھی امریکی صدر کے بیانات کو کھلی بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کسی صورت اس طرزِ عمل کو قبول نہیں کرے گا۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر یورپی یونین نے یورپی ردعمل کو حتمی شکل دینے کے لیے جمعرات کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ممکنہ جوابی حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر قبضے کے امریکی منصوبے کی مخالفت کرنے والے یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق یکم فروری سے یورپی ممالک سے آنے والی تمام اشیا پر 10 فیصد ٹیکس نافذ کیا جائے گا، جبکہ یکم جون سے یہ شرح بڑھا کر 25 فیصد کر دی جائے گی۔
ٹیرف کی زد میں آنے والے یورپی ممالک میں برطانیہ، ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز اور فن لینڈ شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر “سو فیصد قائم” ہیں اور اگر گرین لینڈ کے معاملے پر یورپی ممالک نے مخالفت جاری رکھی تو ٹیرف ہر صورت نافذ کیے جائیں گے۔یورپی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تنازع صرف تجارتی نہیں بلکہ جغرافیائی سیاست اور عالمی طاقت کے توازن سے جڑا ہوا ہے، جس کے اثرات امریکا اور یورپ کے دیرینہ تعلقات پر گہرے ہو سکتے ہیں۔

 

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں