امریکا کا ایران کے خلاف معاشی اعلانِ جنگ،دنیا کو دو ٹوک پیغام

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر سخت معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تمام ممالک کو امریکا کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی تجارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس پر فوری طور پر عملدرآمد ہوگا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق جو بھی ملک ایران کے ساتھ کسی بھی نوعیت کی تجارتی سرگرمی میں ملوث پایا گیا، اسے امریکی منڈی میں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ایران کی موجودہ پالیسیوں اور اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا اور عالمی برادری کو بھی ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والے ممالک کو امریکا کے ساتھ تجارت کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا یہ سخت اقدام ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ایران بھر میں گزشتہ دو ہفتوں سے عوامی احتجاج جاری ہے، جس میں حکومتی پالیسیوں، معاشی بدحالی اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
ایک امریکی انسانی حقوق تنظیم کے مطابق ان مظاہروں کے دوران اب تک کم از کم 490 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور ہزاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان ہلاکتوں کے بعد عالمی سطح پر ایران پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی ایرانی حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اگر مظاہرین کے خلاف تشدد اور قتل کا سلسلہ نہ روکا گیا تو امریکا خاموش نہیں رہے گا۔ گزشتہ روز اپنے ایک اور بیان میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف مختلف آپشنز زیر غور ہیں، جن میں فوجی کارروائی کا امکان بھی شامل ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کا یہ اعلان عالمی معیشت اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے، کیونکہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے کئی ممالک اب مشکل فیصلوں سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیصلہ طویل مدت تک برقرار رہا تو عالمی تجارتی نظام میں تناؤ بڑھے گا اور امریکا ایران کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں