امریکی شخصیات کے قتل کی سازش کا مقدمہ، پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو ساڑھے 27 سال قید کی سزا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے مقدمے میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ، یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیتی نے سزا سنائی۔ ان پر عالمی سطح پر دہشت گردی اور معاوضے کے عوض قتل کی سازش سے متعلق الزامات ثابت ہوئے۔

امریکی اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا۔ امریکی حکام کے مطابق آصف مرچنٹ نے 2024 میں ایران کی ہدایت پر اہم امریکی سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ حکام کا دعویٰ تھا کہ انہیں ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے امریکا بھیجا گیا تھا۔

تاہم آصف مرچنٹ نے اپنے اوپر عائد الزامات مسترد کیے تھے۔ امریکی حکام کے مطابق ان پر امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش اور امریکا میں دہشت گردی کی کوشش کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :امریکہ کا جدید اے آئی چپس کی برآمد پر سخت قوانین کا اعلان، چین کی بیرون ملک رسائی بند ہوگی

آصف مرچنٹ کو 15 جولائی 2024 کو امریکی ریاست ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر ایک امریکی ہٹ مین کو ادائیگی کے لیے پاکستان سے 5 ہزار ڈالر بھی منگوائے تھے۔

آصف مرچنٹ کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ذرائع کے مطابق کراچی میں ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

امریکا نے اس معاملے پر پاکستان سے بھی آصف مرچنٹ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ امریکی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد یہ مقدمہ پاکستان اور امریکا کے درمیان قانونی و سفارتی رابطوں کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]