اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز )وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
وفاقی حکومت نے نئی درخواست میں استدعا کی ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر آڈیو لیکس کیس کی سماعت نہ کریں، تینوں معزز ججز 5 رکنی لارجر بینچ میں بیٹھنے سے انکار کر دیں
درخواست میں آڈیو لیکس کمیشن کیس کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے
درخواست کے متن کے مطابق عدالتی فیصلوں اور ججز کے ضابطہ اخلاق کے مطابق جج اپنے رشتہ دار کا کیس نہیں سن سکتا۔ گزشتہ عرصے میں ارسلان افتخار کیس میں چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اعتراض پر خود کو بینچ سے الگ کر لیا تھا، مبینہ آڈیو لیک جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر سے متعلق بھی ہے
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کیس کی مزید سماعت کل ہو گی، سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے آڈیو لیکس کمیشن کو کام کرنے سے روک دیا ہے۔