گھانا فٹ بال ایسوسی ایشن نے فٹبالر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ گھانا کی بین الاقوامی فٹ بال ٹیم کے لیے کھیلنے والے رافیل ڈومینا میچ کے دوران گرنے کے باعث انتقال کر گئے۔
اپنے بیان میں ایسوسی ایشن نے نوجوان فٹبالر کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ رافیل نے پورے دل سے گھانا کی نمائندگی کی اور اپنی آخری سانس تک اپنے ملک کے لیے کھیلا، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فٹبالر ڈومینا کی موت کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم میچ کی جاری کردہ ویڈیو میں وہ 24ویں منٹ میں گرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طبی عملہ فٹبالر کو دیکھ بھال کے بعد ایمبولینس میں گراؤنڈ سے ہسپتال لے جاتا ہے۔ڈومینا اس سے قبل اکتوبر 2021 میں آسٹریا کپ کے ایک میچ کے دوران گر گئے تھے لیکن صحت یاب ہو کر کھیل کے میدان میں واپس آگئے۔اپنے کیریئر کے دوران ڈومینا نے اسپین، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا اور ڈنمارک کے کلبوں کی نمائندگی بھی کی۔