اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ٹورنٹو کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں واقع ایک ہوٹل کی بالکونی سے 58 سالہ خاتون کے گر کر ہلاک ہونے کے واقعے کے بعد صوبے کے پولیس نگران ادارے اسپیشل انویسٹی گیشنز یونٹ (SIU) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
SIU کے مطابق، اتوار کی دوپہر تقریباً ایک بجے ٹورنٹو پولیس کو کولبورن اور یونگ اسٹریٹس کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں اس اطلاع پر بلایا گیا کہ عمارت کے اندر کوئی شخص ہنگامہ آرائی کر رہا ہے۔
جب پولیس موقع پر پہنچی تو انہیں بتایا گیا کہ مذکورہ خاتون واپس اپنے یونٹ میں جا چکی ہے، جس کے بعد افسران اس یونٹ کی جانب روانہ ہوئے۔
SIU نے اتوار کی رات جاری کیے گئے مختصر بیان میں کہاکچھ ہی دیر بعد افسران کو اطلاع ملی کہ خاتون یونٹ کی بالکونی سے گر چکی ہے۔ موقع پر ہی اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔”
SIU نے یہ واضح نہیں کیا کہ خاتون کس منزل سے گریں۔ ادارے کی ترجمان نے بتایا کہ یونٹ سے متعلق معلومات تحقیقات کی شفافیت اور متاثرہ خاندان کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے ظاہر نہیں کی جا رہیں۔
ترجمان کے مطابق دستیاب معلومات کی بنیاد پر پولیس افسران خاتون کے کمرے میں داخل نہیں ہوئے تھے۔ٹورنٹو پولیس نے بھی SIU کی جاری تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
SIU نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جس کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق کوئی معلومات، ویڈیوز یا تصاویر ہوں وہ ادارے سے رابطہ کرے۔
واضح رہے کہ اسپیشل انویسٹی گیشنز یونٹ ایک آزاد سرکاری ادارہ ہے جو ایسے واقعات کی تحقیقات کرتا ہے جن میں پولیس یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عمل کے نتیجے میں کسی شخص کی موت، شدید زخمی ہونا، جنسی زیادتی یا فائرنگ کا واقعہ پیش آئے۔