اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انقرہ میں ہولناک سانحہ،جیل سے رہا قیدی گھر پہنچتے ہی درندہ بن گیا
ماں، بیوی اور بیٹی کو قتل کرکے خود بھی زندگی کا خاتمہ کرلیا،ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایک افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں جیل سے عارضی رہائی پانے والے قیدی نے گھر پہنچتے ہی اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنی والدہ، اہلیہ اور کمسن بیٹی کو قتل کردیا، بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم حال ہی میں دھوکہ دہی اور مسلح دھمکیوں کے مقدمات میں سزا کاٹنے کے بعد 11 دن کی عارضی رہائی پر جیل سے باہر آیا تھا۔ تاہم رہائی کے چند ہی گھنٹوں بعد اس نے ایک اور سنگین جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے اپنے ہی خاندان کو نشانہ بنا ڈالا۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ملزم کے گھر میں پیش آیا، جہاں گولیوں کی آواز سن کر اہلِ محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے تو تین افراد کی لاشیں گھر کے اندر موجود تھیں جبکہ ملزم بھی خود کو گولی مارنے کے باعث ہلاک ہوچکا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ گھریلو تنازع یا ملزم کی ذہنی کیفیت کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی مؤقف تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔
یہ المناک واقعہ ترکیہ میں قیدیوں کو دی جانے والی عارضی رہائی کے نظام اور سیکیورٹی اقدامات پر بھی سوالات اٹھا رہا ہے، جبکہ مقامی حلقوں میں اس سانحے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔