ای ایکس آئی ایم بینک کے فعال ہونے کے ساتھ، برآمد کنندگان کو رعایتی فنانسنگ فراہم کرنے کا اسٹیٹ بینک کا اختیار ختم ہوگیا، تاہم، ایک ریگولیٹر کے طور پر اسٹیٹ بینک کا کردار بڑھ گیا ہے۔پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس فیصلے کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ تاہم، بینک کو عوامی سطح پر منتقل ہونے میں کچھ اور وقت لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ بینک کا ہیڈ آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے جو کہ ملک کے برآمدی مرکز کراچی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ سے بہت دور ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگرچہ حکومت بینک کو وافر فنڈز فراہم کرے گی لیکن یہ رقوم صرف کاغذوں تک محدود رہیں گی، بینک کو کام شروع کرنے میں وقت لگے گا۔ ای ایکس آئی ایم بینک برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے عالمی سطح پر کام کریں گے، برآمد کنندگان کو مالی اعانت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رسک انشورنس بھی فراہم کریں گے، جس سے وہ افریقہ اور وسطی ایشیائی منڈیوں جیسی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے ۔واضح رہے کہ امریکہ، برطانیہ اور یورپ کو پاکستان کی برآمدات میں حصہ 55 فیصد ہے۔