اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان نے عالمی بینک سے 450 ملین ڈالر کا قرضہ حاصل کرنے کے لیے ایک اور شرط پوری کردی جس کے باعث عالمی بینک کی جانب سے قرض کی منظوری کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ؒ
وزیر خزانہ اسحاق ڈار قرض کے اجراء کی منظوری کے لیے ورلڈ بینک کے صدر کو بورڈ اجلاس میں مدعو کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیکس کونسل نے صوبوں اور وفاق کے درمیان سروسز پر ٹیکس وصولی کی حدود کے تعین کے لیے قواعد کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملک بھر میں ٹیکس وصولی کے نظام کو مربوط کرنے کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو عالمی بینک سے قرضوں کی وصولی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تمام شرائط پوری کریں گے ، پاکستان کی آئی ایم ایف کے وفد کو یقین دہانی
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ان رولز پر آئندہ مالی سال سے عملدرآمد چاہتا ہے جب کہ وفاقی حکومت کا اصرار ہے کہ ان رولز کا اطلاق رواں ماہ اپریل سے ہونا چاہیے، تاکہ ورلڈ بینک سے قرضہ حاصل کرنا ممکن ہوسکے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے 450 ملین ڈالر کے قرض کے حصول میں قواعد کی منظوری اور ان کا نفاذ واحد رکاوٹ تھی، جسے صاف کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد کی منظوری کے بعد اب اسحاق ڈار عالمی بینک کے صدر سے ملاقات میں ممکنہ طور پر 600 ملین ڈالر کے قرضوں کی منظوری کے لیے بورڈ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کریں گے جو آئندہ چند روز میں متوقع ہے
واضح رہے کہ پاکستان کو 6 ارب ڈالر کا قرضہ حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اب تک سعودی عرب واحد ملک ہے جس نے زبانی طور پر آئی ایم ایف کو 2 ارب ڈالر قرض دینے کی یقین دہانی کرائی ہے