اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارتی حکومت نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو محدود ویزے جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے علاوہ تقریباً تمام ٹیموں کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں تاہم بھارتی حکومت نے تاحال پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے جس کے باعث پاکستانی سکواڈ کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی نہ ملنے کے باعث پاکستانی ٹیم کو ابھی تک ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں
کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے کے خواہشمند شائقین کیلئے خوشخبری
بھارتی میڈیا کے مطابق اس ورلڈ کپ کے لیے 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرز پر ویزے جاری کیے جائیں گے، پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو محدود ویزے جاری کیے جائیں گے۔اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی اندازہ نہیں کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو کتنے ویزے جاری کیے جائیں گے۔بی سی سی آئی حکام کے مطابق وزارت خارجہ اور آئی سی سی کے ساتھ ویزوں کی تعداد پر کام جاری ہے، کچھ پاکستانی شائقین کو ورلڈ کپ کے میچز کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو کئی شہروں کے ویزے جاری کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ 2016 میں بھارتی حکومت نے پاکستانی شائقین کو ایک میچ کے لیے 250 ویزے جاری کیے تھے۔