ابوظہبی کے البطین ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف عبداللہ سلطان بن عواد النعیمی اور پاکستانی سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نگران وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات سے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔
نگران وزیراعظم کے دورے کے دوران توانائی، پورٹ آپریشنز کے منصوبوں، گندے پانی کی صفائی، فوڈ سیکورٹی، لاجسٹکس، کان کنی، ایوی ایشن اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات میں سرمایہ کاری کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات وقت کی کسوٹی پر کھڑے ہیں۔