اردورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)نگران وزیراعظم انورحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔نگراں کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں نگرا ن وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہوگی، قائد کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدے پورے کروں گا، مجھے فخر ہے کہ میری ٹیم تجربہ کار اور بہترین ٹیم ہے، معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری رہنمائی کرے گا، مجھے امید ہے کہ تمام وزراء اپنی اپنی وزارتوں میں محنت کریں گے۔
نگر ن وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور زبانوں والا ملک ہے، معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، انصاف اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی، اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے ریاست کے عناصر کے ساتھ نہیں
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ رویے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اسے روکا جائے گا اور قانون کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا ۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والے واقعات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔