اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی کسی بھی کوشش سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ پی ٹی آئی کے کارکن فوری طور پر زمان پارک پہنچ گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کو مزید بحرانوں میں نہ دھکیلے اور سمجھداری سے کام لے۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ گرفتاری کا کوئی جواز نہیں، بنیادی طور پر عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ہیں، وہ جوڈیشل کمپلیکس میں بھی پیش ہوئے ہیں، پیشی کے بعد اتنا وقت نہیں بچا کہ کسی اور عدالت میں جائیں۔ اگر ممکن ہو تو ہمیں ضمانت دی جائے کہ خان صاحب کی جان پر کوئی حملہ نہیں ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کارکنوں کو فوری طور پر زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور زمان پارک میں موجود ہے۔
عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی خبر سنتے ہی پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت زمان پارک پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔