اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے 13 اگست کو چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
میڈیا بریفنگ میں وانگ وین بن نے کہا کہ 13 اگست کو چینی انجینئرز کے قافلے پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، پاکستان میں چینی حکام منصوبوں کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے، پاکستانی حکام منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
وانگ وین بن نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے ہیں اور پاکستان میں منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں، کمپنیوں اور اداروں کو چوکس رہنے اور سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے کام جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ 13 اگست کو گوادر پورٹ پروجیکٹ کے قریب چینی باشندوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔