اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنے کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ جو بھی رکن اسمبلی یا عہدیدار 24 نومبر کے احتجاج سے غیر حاضر رہے گا اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں جنوبی اضلاع کے اراکین اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔
بشریٰ بی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے 24 نومبر کو عمران خان کی کال پر نکلنا ہے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہر رکن صوبائی اسمبلی اور اراکین قومی اسمبلی اپنی پشاور سے روانگی اور قافلے کی شکل میں اسلام آباد پہنچنے کی ویڈیو بنائیں۔
بشریٰ بی بی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں میں بیٹھے کارکنوں کی ویڈیو بھی بنائی جائے۔
انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو پیغام دیا کہ 24 نومبر کو غائب ہونے والے ایم ایل اے اور عہدیدار کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔