83
اردوورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے کیسز اور انکوائری کا ریکارڈ لینے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی جس میں عدالت نے سرکاری وکیل کو جواب کے لیے ایک ہفتے کی مہلت کے لیے نوٹس جاری کردیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں وفاق، نیب، ایف آئی اے اور پولیس کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب، ایف آئی اے، پنجاب پولیس اور دیگر اداروں نے بے بنیاد اور غیر قانونی مقدمات درج کیے ہیں۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ میرے شوہر کے بعد اب مجھے بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جون 2022 سے پہلے کوئی کیس یا انکوائری زیر التوا نہیں تھی۔ جون 2022 سے رجسٹرڈ خفیہ کیسز، انکوائریوں، انویسٹی گیشنز کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے تک ہر صورت گرفتاریاں بند کرے۔