اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)محرم الحرام کے دوران ممکنہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں پاکستان آرمی کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا ہے، جنہوں نے محرم کے دوران حساس علاقوں میں اضافی سیکیورٹی کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، آرمی اور سول آرمڈ فورسز کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیا گیا ہے، جو کہ سول اداروں کی مدد کے لیے فوج کی تعیناتی کی اجازت دیتا ہے۔
فوجی اہلکار مقامی پولیس اور رینجرز کے ساتھ مل کر مشترکہ گشت اور نگرانی کے فرائض انجام دیں گے ذرائع کے مطابق، حساس شہروں اور اضلاع میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی، جبکہ انٹرنیٹ خدمات کی عارضی معطلی پر بھی غور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ماضی میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات پیش آئے ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم کے دوران کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔