برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کی شام ایک مسلح شخص تیز رفتار گاڑی سے بیریئرز توڑ کر ایئرپورٹ میں داخل ہوا تو عملے کو ایئرپورٹ بند کرنا پڑا۔خبر رساں ایجنسی نے پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ بندوق بردار کی گاڑی میں ایک بچہ موجود تھا جب اس نے دو بار ہوا میں فائرنگ کی اور اپنی گاڑی سے دو جلتی ہوئی بوتلیں پھینک دیں۔
جرمن پولیس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ وہ ایئرپورٹ پر یرغمالی کی صورتحال کے پیش نظر ایک بڑا آپریشن کر رہی ہے۔پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم ایئرپورٹ نے طیاروں کی روانگی اور آمد کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔
ہیمبرگ ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر صورتحال کے باعث 27 پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بندوق بردار کی اہلیہ نے بچوں کے ممکنہ اغوا کے بارے میں کچھ عرصہ قبل پولیس سے رابطہ کیا تھا۔