اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کرنل شاہد چوہدری نے کینیڈا گلوبل ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان میں آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے اورجو میرٹ پرآئے اسے آرمی چیف بنانا چاہیے لیکن بدقسمتی سے سیاسی جماعتوں نے اسے کافی حد تک متنازع بنا دیا ہے
انہوں نے کہا کہ فوج واحد ادارہ ہے جس میں ڈسپلن ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ دشمن ایجنڈے کے تحت اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں گھسیٹتے ہیں، فوج کو سیاست میں ملوث کرنا کسی طور بھی درست نہیں پاک فوج ملک کی بقا کی ضامن ہے اور سیاستدانوں کوکوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے فوج پر حرف آئے
جو لوگ ملک کیلئے سب کچھ قربان کردیتے ہیں انہیں عزت دینی چاہیے نہ کہ تنقید کی جانی چاہیے
انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کا جو شور اٹھا اس میں شاید کچھ حقیقت بھی ہو لیکن اس سارے معاملے میں سٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر معاملات حل کرنے چاہیے کیونکہ عوام کے نمائندے پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ ہوتے ہیں ،کرنل شاہد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں جتنے بھی مارشل لاء لگے ان میں بہت حد تک سیاستدانوں کی غلطیاں تھیں ،سیاستدان پہلے خود اسٹیبلشمنٹ کے پاس جاتے ہیں مداخلت کراتے ہیں اور پھر بعد میں تنقید بھی کرتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے
عمران خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کا مستقبل روشن ہے سابق وزیراعظم کا الیکشن کا مطالبہ درست ہے موجود ہ حکومت متنازع ہوچکی ہے اور یہ حکومت جس مقصد کے تحت آئی ہے وہ قوم اچھی طرح جانتی ہے ملک کے مسائل کا بہترین حل اس وقت صرف الیکشن ہے
انہوں نے پاکستانی قوم کے نام پیغام میں کہاکہ آپس کے اختلاف ختم کرکے متحد ہوجائیں اور صرف ملک کی بہتری کیلئے سوچیں ۔
146