اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رانا ثناء اللہ کے خلاف گجرات کے انڈسٹریل تھانے میں درج مقدمے میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ انہیں 7 مارچ کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔
5 اگست 2022 کو رانا ثناء اللہ کے خلاف (ق) لیگ کے مقامی رہنما شاہ قاز اسلم کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر چیف سیکرٹری اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔
گجرات پولیس نے مقدمہ خارج کرتے ہوئے حوالگی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس پر عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ملزم کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
عدالت نے تفتیشی افسر، متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی انویسٹی گیشن کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 مارچ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔