اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )حکومت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو نشانہ بنا رہی ہے، فواد چوہدری اور اسد عمر کے بعد پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے بدھ کی سہ پہر بھی شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وہ گرفتار نہ ہو سکے۔
تاہم اب پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، وہ اسلام آباد اور پنجاب میں آتشزدگی اور ہنگامہ آرائی کے حالیہ واقعات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین بھی نامزد ہیں۔
گرفتاری سے قبل شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، کوئی اشتعال انگیز بیان نہیں دیا، ان پر کور کمانڈر لاہور واقعے کا الزام جھوٹا ہے۔
جمشید اقبال چیمہ
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
خواتین پی ٹی آئی رہنما
آج صبح پولیس نے پی ٹی آئی کی خواتین رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا جن میں مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری، عالیہ حمزہ اور فلک ناز چترالی شامل ہیں۔
فواد چوہدری
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو گزشتہ رات ساڑھے گیارہ بجے سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اس دوران فواد کے بھائی فیصل چوہدری نے چیف جسٹس سے ملاقات کی کوشش کی، فیصل چوہدری چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے گھر بھی گئے تاہم بات چیت ناکام ہوگئی۔پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور علی زیدی کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اسد عمر
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو بھی گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست لے کر آئے جس میں انہوں نے استدعا کی کہ انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت میں گئے جہاں سے اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کیا اور روانہ ہوگئے۔
علی زیدی
کراچی پولیس نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو بھی حراست میں لے لیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق علی زیدی کو کراچی کے علاقے کالا پل سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ پارٹی سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کی قیادت کر رہے تھے۔
کراچی پولیس نے مظاہرین کی جانب سے شاہراہ فیصل کے قریب پولیس وین کو آگ لگانے کے بعد کارروائی کی۔
عمر سرفراز چیمہ
اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کو علی الصبح ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
اینٹی کرپشن کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے بطور گورنر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں اپنی بہن کا اندراج کرایا۔
قاسم سوری کی اہلیہ اور بھائی گرفتار
پولیس نے گزشتہ روز عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی اہلیہ اور بھائی کو بھی حراست میں لے لیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر قاسم خان سوری کے بھائی کو گرفتار کرلیا، قاسم سوری گھر پر موجود نہیں تھے، قاسم سوری کے گھر پر رات گئے چھاپہ مارا گیا۔
قاسم سوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پہلے میری اہلیہ کو پی ڈی ایم نے ڈی چوک پر پرامن احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا، اب میرے بھائی بلال خان سوری کو گھر کے معصوم بچوں اور خواتین کے سامنے گرفتار کیا گیا
پولیس نے قاسم سوری کے بھائی سمیت شہر بھر سے 11 افراد کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں ناصر آغا ایڈووکیٹ، محمد شریف، سلطان فاروق، حمید اللہ، طیب، سید اسرار اللہ، مصطفیٰ، سید خلیل، مبشر اور قیام الدین شامل ہیں۔