اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پیرس اولمپکس میں ورلڈ ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کو جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔پیرس کے ایتھلیٹکس سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل اور ان کے حریف کھلاڑیوں کو کانسی اور چاندی کے تمغوں سے نوازا گیا۔بھارت کے نیرج چوپڑا نے جیولن تھرو مقابلے میں چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔اس سے قبل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ارشد ندیم اس گولڈ میڈل کے اصل حقدار تھے، سندھ حکومت کے اعلانات سن کر خوشی ہوئی۔
واضح رہے کہ اولمپیئن ارشد ندیم نے اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا، وہ انفرادی ایونٹس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔اولمپیئن ارشد ندیم نے جیولین میں 92.97 میٹر کا فاصلہ پھینک کر نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ویل ڈن ارشد‘‘، ارشد ندیم نے یوم آزادی پر گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا اس کے علاوہ سندھ حکومت کا ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا اور علی ظفر نے شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔ ارشد ندیم آج وطن واپس پہنچیں گے ، شاندار استقبال کی تیاریاں ۔