اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایشیا کپ 2023 کے تنازع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید لچک دکھاتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل پر ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔
پی سی بی نے نیا ہائبرڈ ماڈل ایشین کرکٹ کونسل کے ارکان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں پیش کیا جس کے تحت چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے صرف پہلے رانڈ کے میچز پاکستان میں کھیلے جانے کا مطالبہ کیا۔
نئی تجویز کے مطابق پی سی بی نے رانڈ ون کے 4 میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز دی ہے اور پی سی بی کا کہنا ہے کہ فائنل سمیت ایشیا کپ کے رانڈ ٹو کے میچز یو اے ای میں کرائے جائیں جب کہ پاکستان ایشیا کپ کا فائنل یو اے ای میں کرائے گا۔ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی دیگر ٹیموں نے اضافی سفری اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔اس پر پی سی بی نے ایشیا کپ 2018 اور ستمبر میں یو اے ای میں ہونے والے آئی پی ایل کا حوالہ دیا، پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کے لیے کمرشل اور لاجسٹک انتظامات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے اراکین نے پی سی بی کی نئی تجویز پر نجم سیٹھی سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے تاہم بنگلہ دیش اور سری لنکا نے ایشیا کپ کے اجلاسوں میں ایشیا کپ کو غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے پر بات نہیں کی۔ پی سی بی کے پاس سری لنکا اور بنگلہ دیش کی پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے کی یقین دہانی کے ثبوت موجود ہیں۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش نے ای میل کے ذریعے پی سی بی کو ایشیا کپ پاکستان میں کھیلنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔