اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ میں ٹیموں کی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام نہ ہونے کی دلچسپ وجہ سامنے آگئی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر (X) پر بہت سے صارفین نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال جب ٹیموں نے ایشیا کپ 2022 کی آفیشل جرسی پہنی تھی تو سری لنکا کا میزبان لوگو موجود تھا لیکن پاکستان کی میزبانی کا لوگو پاکستانی کرکٹ ٹیم سمیت کسی ٹیم کی جرسی میں موجود نہیں ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے تفصیل سے بتایا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے گزشتہ ایشیا کپ کے دوران ٹیم کی جرسی پر میزبان ملک کا نام نہ لگانے کا فیصلہ کیا تھا جسے اے سی سی اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا تھا۔حال ہی میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے آفیشل کٹ کا اعلان کیا تو اس پر بھارت کا نام نمایاں طور پر موجود تھا۔
دوسری جانب ایشیا کپ کے رواں ایڈیشن کا میزبان پاکستان ہے تاہم پاکستانی شائقین ٹیم کی جرسی پر میزبان ملک کا نام نہ لکھے جانے پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں جب کہ مختلف دلائل بھی پیش کر رہے ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جئے شاہ کا ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان میں جاتے ہی میزبان ملک کا نام اور سال نہ لکھنے کا مقصد بالکل واضح ہے کہ وہ بھارت کی جرسی پر پاکستان کا نام نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔