اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپوزیشن سے غیر مشروط مذاکرات کا مشورہ دے دیا۔
پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب عدالت نے نوٹس بھیجا ہو۔ جب بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں تو ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، رات 12 بجے انہیں ہسپتال سے اٹھا کر جیل میں ڈال دیا گیا، اس وقت کسی نے سو موٹو نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی دھمکیاں مجھے بھی تھیں لیکن لوگ جہاں کہیں گے ہم جائیں گے، پھر دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ جب تک ہمارے پاس جمہوریت ہے ہم لڑتے رہیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مذاکرات کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے تاہم شہباز شریف سے درخواست کروں گا کہ وہ اپوزیشن سے مذاکرات کریں اور مذاکرات میں آنے سے پہلے شرائط نہ رکھیں، اپوزیشن کو بھی مذاکرات کے لیے شہباز شریف کے پاس آنا چاہیے کیونکہ وہ وزیراعظم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جاپان دیوالیہ ہوا، کوریا دیوالیہ ہوا، بھارت ہم سے 10 گنا بڑا ملک ہے، ان کے پاس ایک وقت میں ایک ارب ڈالر کے ذخائر تھے لیکن بھارت کو اپنا سونا سوئٹزرلینڈ بھیجنا پڑا، پاکستان اٹھے گا اور ہم . اٹھائیں گے۔