ضلع گھوٹکی کی تحصیل خان گڑھ میں گوہر پیلس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اس لیے نہیں ہٹایا کہ ہمیں حکومت کی ضرورت تھی یا ہمیں اختیارات چاہیے عمران خان کو ملک بچانے کے لیے ہٹایا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت بہت سے مسائل چل رہے ہیں، میں پہلا سیاستدان تھا جس نے فلسطین کی بات کی، آج فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، بدقسمتی سے ہم کچھ نہیں کر رہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام اور غریبوں کے لیے کام کیا ہے۔ ہماری سوچ یہ ہے کہ ہم سب کچھ کر سکتے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست ہماری، آپ کی سیاست آپکی، ہم نے عوام کی خدمت کی، بھٹو کی قبر پر لکھا ہے عوام کا خادم یہیں دفن ہے، ہماری سیاست سیاست ہے
سابق صدر نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ سرحد کی دوسری جانب مسلمانوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، ہمیں اپنی سیاسی روایات پر عمل کرنا ہوگا، ہم نے بی بی کی شہادت پر کہا تھا کہ پاکستان کھپے ،ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ وقت سے پہلے سمجھنے اور انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر کمزور ہوتا جا رہا ہے، ہم جب بھی ملک کی بات کریں گے، ہماری حمایت اسی سرزمین سے ہے کسی اور سے نہیں، ہم دنیا سے پاکستان کا حق لیں گے۔