اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) روس کے شمال میں واقع جمہوریہ داغستان میں یہودی عبادت گاہوں اور گرجا گھروں پر مسلح افراد کے حملے میں پولیس افسران سمیت 23 افراد ہلاک ہو گئے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے شمالی قفقاز میں واقع جمہوریہ داغستان میں آرتھوڈوکس تہوار پینٹی کوسٹ کے موقع پر مسلح افراد نے ڈربینٹ اور ماخچکالا کے شہروں کو نشانہ بنایا۔حملہ آوروں نے 2 گرجا گھروں اور 2 عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، اور ایک چرچ اور ایک عبادت گاہ کو آگ لگا دی۔
حملے کے نتیجے میں پولیس کی فائرنگ میں کم از کم 15 پولیس اہلکار، ایک پادری اور ایک سیکورٹی گارڈ ہلاک جبکہ 6 حملہ آور مارے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ہلاک ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کی تعداد داغستان کے ریپبلکن رہنما سرگئی میلیکوف نے بتائی۔