اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج کا ہر سپاہی اور افسر سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر اپنی ڈیوٹی کو اولیت دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہدا اور سابق فوجیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لیے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔
51 افسران کو سٹار آف ڈسٹنکشن (ملٹری)، 22 افسران اور جوانوں کو بسالت میڈل اور 2 جوانوں کو اقوام متحدہ کے خصوصی میڈل سے نوازا گیا۔
تقریب میں پاک فوج کے اعلی افسران اور شہدا کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم فرض اور شہدا کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے آزاد فضا میں رہ رہے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ ہمیشہ اس سے وابستہ ہر فرد اور ان کے خاندانوں کو یاد رکھتی ہے اور بطور خاندان ہمارا رشتہ قابل فخر اور مثالی ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اور افسر علاقائی، لسانی اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتا ہے۔ مضبوط فوج ملک کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہے۔
آرمی چیف نے فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی پناہ گاہوں پر حالیہ حملوں کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل برداشت ہیں۔
آرمی چیف نے 25 مئی کو یوم شہدائے پاکستان منانے کا بھی اعلان کیا۔