اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)محکہ ماحولیات کینیڈا نے برٹش کولمبیا کے جنوبی ساحلی علاقوں میں طوفانی موسم اور بلند مد و جزر کے باعث ممکنہ سیلاب سے متعلق جاری خصوصی موسمی بیان واپس لے لیا ہے۔
یہ انتباہ وینکوور آئی لینڈ کے بیشتر ساحلی علاقوں، سن شائن کوسٹ، گریٹر وکٹوریہ اور میٹرو وینکوور تک پھیلا ہوا تھا، جہاں کم دباؤ کے نظام کے ساتھ بلند مد و جزر کے باعث ساحلی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق تیز ہوائیں اور بلند لہریں اس ہفتے کے آخر میں پانی کی سطح کو معمول سے کہیں زیادہ بلند کر سکتی تھیں، جبکہ سب سے زیادہ خطرہ اتوار کے روز متوقع تھا۔
وینکوور میں واقع ٹائیڈل اسٹیشن کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 7:30 بجے پانی کی سطح تقریباً 5.4 میٹر تک پہنچی، جبکہ اس اسٹیشن پر ریکارڈ کی گئی بلند ترین سطح 27 دسمبر 2022 کو 5.75 میٹر رہی تھی۔
اس وقت صرف ایک پیلے درجے کی برفباری کی وارننگ برقرار ہے، جو جنوبی برٹش کولمبیا کے باؤنڈری اور کوٹنی علاقوں میں ہائی وے 3 کے ایک حصے کے لیے جاری کی گئی ہے۔ پیش گوئی کے مطابق پالسن سمٹ اور کوٹنی پاس کے درمیان اس شاہراہ پر 15 سے 20 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا، ایوالانچ کینیڈا نے میٹرو وینکوور کے نارتھ شور پہاڑوں اور گبسنز کے علاقے کے لیے برفانی تودوں کے خطرے کی سطح کم کر دی ہے، تاہم ادارے کے مطابق ساحلی علاقوں سے پمبرٹن تک برف کے پھسلنے کا خطرہ اب بھی قابلِ ذکر ہے۔
ایوالانچ کے خطرے کی درجہ بندی کے مطابق وینکوور آئی لینڈ، جنوب مشرقی برٹش کولمبیا اور البرٹا کی سرحد کے ساتھ کرین بروک سے پرنس جارج کے شمال تک پہاڑی علاقوں میں خطرے کی سطح تین (قابلِ ذکر) برقرار ہے۔کٹیمَیٹ، ٹیرس اور سمتھرز کے علاقوں اور الاسکا کی سرحد کے جنوبی حصے کے ساتھ واقع پہاڑوں میں برفانی تودوں کا خطرہ معتدل سطح پر بتایا گیا ہے۔