اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ ملک کی تمام اکائیوں کا حق ہے اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اس کے تحت مالی معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر سے متعلق سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت نواز شریف نے کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاسی حالات، آئندہ عام انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی قیادت شاہ غلام قادر کی سربراہی میں شریک ہوئی، جبکہ گلگت بلتستان سے حافظ حفیظ الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینٹرز رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امیر مقام، پرویز رشید اور برجیس طاہر بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران شاہ غلام قادر نے نواز شریف کو آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت، کارکردگی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکا نے سیاسی اور انتخابی حکمت عملی پر تجاویز بھی پیش کیں۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر قیادت کی دعوت پر اگلے ماہ دو روزہ دورۂ آزاد کشمیر کا اعلان کیا، جس دوران تنظیمی امور، انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم پر حتمی فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی کی رفتار دکھائی دیتی ہے، لیکن خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ علاج اور دیگر سہولیات کے لیے پنجاب آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مختلف شہروں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اور بنیادی ڈھانچے کے کام کر رہی ہے، اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ تمام صوبوں اور اکائیوں کا حق ہے اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اس کے تحت فنڈز فراہم کرنے چاہئیں۔ نواز شریف نے یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کریں گے۔