اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم تنویر الیاس کو نااہل قرار دے دیا۔
عدالت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سناتے ہوئے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ عدالت نے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو بھی خط لکھ د یا گیا۔
آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تنویر الیاس کو تقریروں میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر آزاد کشمیر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے آج طلب کیا تھا۔وہ آج آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، ان کے خلاف سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ صداقت حسین راجہ کی سربراہی میں فل بنچ نے کی۔
تنویر الیاس آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پیش ہوئے اور عدلیہ کے خلاف دھمکی آمیز بیانات پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔ سماعت کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر کی تقاریر کے کلپس چلائے گئے اور تنویر الیاس کو توہین عدالت کا اعتراف کرایا گیا۔
تنویر الیاس نے کہا کہ اگر میرے کسی لفظ سے جج کو تکلیف ہوئی تو میں غیر مشروط معافی مانگتا ہوں، تاہم عدالت نے ان کی معافی مسترد کردی۔آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد تنویر الیاس بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے۔چیف جسٹس جسٹس سعید اکرم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل بینچ سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس خواجہ نسیم اور جسٹس رضا علی خان شامل ہیں۔