اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارتی شائقین کرکٹ کے لیے چمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل بری خبر ۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اتوار کو دبئی میں کھیلے جانے والے نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اکیڈمی میں نیٹ پریکٹس کے دوران کوہلی کو تیز گیند کا سامنا تھا کہ ایک تیز گیند ان کے گھٹنے سے ٹکرائی جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پریکٹس روک دی۔ ہندوستانی ٹیم کے فزیو اسٹاف نے فوری طور پر اس کا معائنہ کیا، اسپرے کیا اور متاثرہ جگہ پر پٹی باندھ دی۔
چوٹ کے باوجود کوہلی گراؤنڈ پر ہی رہے اور بقیہ ٹریننگ سیشن کو دیکھا، جب کہ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو اپنی فٹنس کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں بھارتی کوچنگ اسٹاف نے واضح کیا کہ کوہلی کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے اور وہ فائنل کھیلنے کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی فائنل سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے۔ ان کے اہم گیند باز 33 سالہ ٹم ساؤتھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے تھے۔چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور شائقین کرکٹ کو اس میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔