اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکہ نے ایران کی بیلسٹک میزائل پروگروام کی حمایت کرنے پر ایران کے 6 افراد اور 12 کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔
ٹرمپ انتظامیہ نے حالیہ ہفتوں میں ایران کی تیل کی صنعت اور جوہری پروگرام سے منسلک افراد اور اداروں پر متعدد پابندیاں عائد کی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق بدھ کے روز لگائی گئی نئی پابندیاں ان تنظیموں کو نشانہ بناتی ہیں جو ایرانی حکومت کو مقامی طور پر اہم مواد تیار کرنے میں مدد کر رہی ہیں جو تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے ضروری ہیں۔امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ ایران کو بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ میزائل اور ان کے اجزاء کو مقامی طور پر تیار کرنے کی ایران کی کوششیں امریکہ اور خطے کے استحکام کے لیے ناقابل قبول خطرہ ہیں۔واضح رہے کہ یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات ہو رہے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات گزشتہ ماہ شروع ہوئے تھے، جس کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنے کے لیے ایک نئے معاہدے تک پہنچنا تھا۔