اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بلوچستان طاقتور موسمی نظام کی لپیٹ میں آگیا، چمن، پشین، مستونگ، دکی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، آواران اور نصیر آباد میں شدید بارشوں کے بعد بلوچستان کو سندھ سے ملانے والے دو اہم دریاوں میں طغیانی آگئی۔ قومی شاہراہیں بند کر دی گئیں۔بولان کے علاقے میں پنجرہ پل کا متبادل راستہ بہہ جانے کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی،
لسبیلہ کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، کراچی جانے والی ٹریفک کا متبادل راستہ بھی متاثر ہوا جب کہ کوئٹہ سبی شاہراہ بند ہو گئی۔حکام کے مطابق بلوچستان کے پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد کیچ، تربت میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں سے نقصانات کی اطلاعات ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے حب ندی کے متبادل راستے کو نقصان پہنچنے سے ٹریفک بند ہو گئی ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان اور کیرتھر رینج پر بارش کا نظام بن رہا ہے جس کے بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کی سرحد پر بڑے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سہ پہر کے بعد تیز ہواوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔