اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، ہنگو اور چارسدہ کے علاقوں میں بارش کے بعد سردی بڑھ گئی جبکہ چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری نے ہر چیز کو سفید چادر میں ڈھک دیا۔ وادی نیلم میں بھی بارش ہوئی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری نے درجہ حرارت مزید کم کر دیا ہے۔
صوبہ بلوچستان میں بھی طویل عرصے کے بعد بارش کا آغاز ہوا۔ گزشتہ روز بارش کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چمن، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گر گئے، دیواریں ٹوٹیں اور درخت اکھڑ گئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ سیاحوں اور عام شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور سفر محفوظ ہو۔