اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے جس کے باعث صوبے کے بیشتر علاقے بجلی کی بندش سے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جب کہ فضائی راستوں سمیت تمام مواصلاتی نظام بھی منقطع ہوگیا ہے۔
کوئٹہ شہر اور اس کے مضافات میں 30 گھنٹے سے وقفے وقفے سے کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش جاری ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہوئی جب کہ کوئٹہ میں سیلابی پانی میں خواتین اور بچوں سمیت 500 سے زائد افراد پھنس گئے۔
موسلادھار بارش کے باعث شہر میں بجلی اور گیس کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر فیل ہوگیا ہے جب کہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے کوئٹہ میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کلی ناصراں کے مکینوں کو بائی پاس جانے کی ہدایت کردی۔
اس کے علاوہ شدید بارشوں کے باعث کوئٹہ کا زمینی، فضائی اور مواصلاتی رابطہ گزشتہ 8 گھنٹے سے منقطع ہے، موبائل فون بند اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جبکہ کوئٹہ کا پی ٹی سی ایل نیٹ ورک بھی بند ہے اور زمینی انٹرنیٹ بھی بند ہے
موبائل انٹرنیٹ، پی ٹی سی ایل نیٹ ورک سمیت مواصلاتی نظام فیل ہو گیا۔
ایک مقامی صحافی نے کہا ہے کہ آئی جی بلوچستان، کمشنر، ڈی آئی جی کوئٹہ سمیت کسی بھی اعلیٰ دفتر سے کوئی رابطہ نہیں کیا جا رہا۔
ذرائع کے مطابق خراب موسم کے باعث پی آئی اے کی کوئٹہ سے لاہور اور کراچی جانے والی پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
بلوچستان میں موسلا دھار بارش، سیلابی ریلا، 500 سے زائد افراد سیلابی پانی میں پھنس گئے۔
بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، مکانات اور فصلیں تباہ، جاں بحق افراد کی تعداد 111 ہوگئی