اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں فوجیوں کی شہادت کو افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہیروز کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں کیپٹن سمیت 5 فوجیوں کی شہادت افسوسناک واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
یہ پھی پڑھیں
بارودی سرنگ پھٹنے سے کیپٹن سمیت 5 سکیورٹی اہلکار شہید
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم اور سیکیورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان جوان مردی کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان میں فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔